غمِ زندگی سناؤں میرا شہر جل رہا ہے
میں خوشی کہاں سے لاؤں میرا شہر جل رہا ہے
تمھیں یہ گلا ہے جاناں کہ مزاج کیوں ہیں برہم
کہو کیسے مسکراؤں میرا شہر جل رہا ہے
تمھیں عید کی خوشی ہے مجھے یاد ہے وہ لیکن
میں یہ کیسے بھول جاؤں میرا شہر جل رہا ہے
ہے ڈگر ڈگر وحشت ہے قدم قدم شہادت
سر راہ ڈگمگاؤں میرا شہر جل رہا ہے
میرا زخم زخم سینہ تو لہو لہو سفینہ
میں نشاط کیسے پاؤں میرا شہر جل رہا ہے
جہاں بے ایماں محافظ تو وہاں ہے خدا ہی حافظ
تمھیں آئینہ دکھاؤں میرا شہر جل رہا ہے
--
کراچی
یہاں ہر شخص ہر پل ہدف ہونے سے ڈرتا ہے
کھلونا ہے وہ مٹی کا فنا ہونے سے ڈرتا ہے
شہر کے کسی کونے میں ایک معصوم سا بچہ
بڑوں کی لاشیں دیکھ کر بڑا ہونے سے ڈرتا ہے
عجب ہے زندگی کی قید میں اس شہر کا انسان
رہائی مانگتا ہے اور رہا ہونے سے ڈرتا ہے
اے کاش کہ ایسی بستی ہو
امید ابھی کچھ باقی ہے
ایک بستی بسنے والی ہے
جس بستی میں کوئی ظلم نہ ہو
اور جینا کوئی جرم نہ ہو
وہاں پھول خوشی کہ کھلتے ہوں
اور موسم سارے ملتے ہوں
بس رنگ اور نور برستے ہوں
اور سارے ہنستے بستے ہوں
امید ہے ایسی بستی کی
جہاں جھوٹ کاروبار نہ ہو
دہشت کا بازار نہ ہو
جینا بھی دشوار نہ ہو
مرنا بھی آزار نہ ہو
یہ بستی کاش تمھاری ہو
یہ بستی کاش ہماری ہو
وہاں خون کی ہولی عام نہ ہو
اس آنگن غم کی شام نہ ہو
جہاں منصف سے انصاف ملے
دل سب کا سب سے صاف ملے
ایک آس ہے ایسی بستی ہو
جہاں روٹی زہر سے سستی ہو
اے کاش کہ ایسی بستی ہو
اے کاش کہ ایسی بستی ہو
جنگل کا دستور
سنا ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔!
جنگلوں کا بھی کوئی دستور ہوتا ہے۔
سنا ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔!
شیر کا جب پیٹ بھر جائے تو وہ بھی حملہ نہیں کرتا۔
سنا ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔!
ہوا کے تیز جھونکوں میں
مینا اپنے گھر کو بھول کہ کوّے کے انڈوں کو پروں میں تھام لیتی ہے۔
سنا ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔!
گھونسلے سے جب کوئی بچہ گرے تو سارا جنگل جاگ لیتا ہے۔
سنا ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔!
سیلاب آ جائے تو لکڑی کہ تختے پر سانپ، چیتا اور بکری ساتھ ہوتے ہیں۔
سنو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔!
منصفو !!!!!!!!!!!!!!!!!؟
میرے شہرمیں بھی جنگلوں کا کوئی دستور لے آؤ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
شہر قائد میں آگ اور خون کا کھیل جاری، مختلف علاقوں میں فائرنگ
کراچی میں اے این پی کے ذمہ دار کے قتل پر آج عوامی نیشنل پارٹی کے اعلان پر یوم سوگ منایا جارہا ہے۔
سڑکوں پر پبلک ٹرانسپورٹ کم ہے پولیس کے مطابق اے این پی کے ذمہ دار کے قتل کے بعد شہر میں پرتشدد کارروائیوں کا سلسلہ گذشہ شام کو ہی شروع ہوگیا تھا۔ جو مختلف علاقوں میں آخری اطلاعات تک جاری تھا
کراچی میں فائرنگ کے مختلف واقعات میں3افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ 2لاشیں بھی ملی ہیں ۔ گذشتہ رات سے اب تک فائرنگ کے واقعات میں سات افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔